حیدرآباد۔18۔(اعتماد نیوز)آج اسمبلی اجلاس میں تلنگانہ بل پر مباحث جاری ہیں۔ اجلاس کے آغاز کے بعد اسپیکر اسمبلی این منوہر نے کہا کہ تاحال اس بل میں 9024 ترمیمات کے لئے انہیں نوٹس وصول ہوئی ہیں۔ تاہم اجلاس کے آغاز کے بعد وائی ایس آر کانگریس کے ارکان نے اجلاس کو بر خواست کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ اس موقع پر وائی ایس آر کانگریس
کی جانب سے اس بل پر ووٹنگ پر وضاحت پیش کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ جس پر کوئی وضاحت نہ ہونے پر انہوں نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔ وائی ایس آر کانگریس کے اس اقدام پر ریاستی وزیر شیلجا ناتھ نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس نے ہی ریاست کو تقسیم کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ سیاسی مستقبل کو داؤ پر لگاتے ہوئے بھی متحدہ آندھرا پردیش کا مطالبہ کر رہے ہیں۔